بیگمات جیت گئیں اور آئین ہار گیا: عظمیٰ بخاری
پنجاب کی وزیر اطلاعات، عظمیٰ بخاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم جاری کیا تھا، جس پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ “آئین ہار گیا اور بیگمات جیت گئیں۔”
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ “ایک پارٹی کے لیے اتنا پیار کیوں ہے؟” انہوں نے کہا کہ لاڈلے کی محبت ہر چیز پر غالب آ جاتی ہے اور اس شخص کو ریلیف دیا جاتا ہے چاہے وہ خود نہ بھی مانگے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی متاثرہ فریق کو نہیں سنا گیا اور جو کیس میں فریق نہیں تھا اسے ریلیف دیا گیا، اور لوگ کہہ رہے ہیں کہ عدالت کا فیصلہ ری ایکشنری تھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ “کل پی ٹی آئی کو فائدہ پہنچایا گیا، جو انہوں نے مانگا نہیں وہ انہیں دے دیا گیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ “کل سپر نظریہ ضرورت متعارف کرایا گیا اور لاڈلے کی محبت میں پاکستان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔”
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ “کل تو کمال ہو گیا، پیار محبت کی اخیر ہو گئی، ایسی محبت تو سوہنی ماہیوال کی بھی نہیں تھی۔”واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اقلیتی اور مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو دینے کا حکم جاری کیا تھا۔