چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، ریاست کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو طویل عرصے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ریاست کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیراحسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ ایک گروہ کی جانب سے نہایت شرانگیز اور بے بنیاد پروپیگنڈا لانچ کیا گیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے حوالے سے بار بار وضاحت کی گئی کہ ان کا ایسے کسی فیصلے یا بیان سے تعلق نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کی وضاحت کے باوجود جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا جاری ہے۔ سب کو معلوم ہے کہ کن وجوہات کی بنا پر چیف جسٹس کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وزیردفاع نے کہا کہ سوشل میڈیا پر انتہا پسندانہ پوسٹس شیئر کی جا رہی ہیں اور مذہب کے نام پر ملک میں خون خرابے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی اور سیاسی مفادات حاصل کرنے والے اس مسئلے کو ہوا دے رہے ہیں، ریاست ان معاملات پر ایکشن لے گی اور کسی کو قتل کے فتوے جاری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کھلی چھٹی دے دی گئی تو ریاست کا شیرازہ بکھر جائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ چیف جسٹس کو کافی عرصے سے ٹارگٹ کیا جارہا ہے اور حق و سچ کی روایت قائم رکھنے والے کے خلاف یہ نئی شروعات اور شرارت ہے۔ ریاست پوری قوت سے غیرقانونی اقدامات اور قتل کی دھمکیوں کا جواب دے گی۔ ریاست مذہب، سیاست اور ذاتی مفادات کے نام پر ڈکٹیشن قبول نہیں کرے گی۔ ملک میں آئین کی حکمرانی اور انصاف کا بول بالا ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ فیض آباد دھرنے سے اب تک قاضی فائز عیسیٰ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فیض آباد دھرنے کے فیصلے کے بعد قاضی فائز کے خلاف ریفرنس چلایا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز نے دھرنے سے متعلق آئینی اور قانونی فیصلہ دیا اور ریاست چیف جسٹس کے خلاف فتوے پر پوری طرح ایکشن لے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیراحسن اقبال نے کہا کہ مسلمان کے ایمان کی بنیاد عقیدہ ختم نبوت ہے اور کسی گروہ کو اجازت نہیں کہ وہ قتل کے فتوے جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کے خلاف ویڈیو جاری کرکے آئین سے بغاوت کی گئی۔ عدلیہ ریاست کا بنیادی ستون ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ سی پیک شروع ہوتے ہی ایک بار پھر سازشیں شروع ہوگئیں۔ جب بھی سی پیک چلنے لگتا ہے تو ملک میں انتشار سامنے آنے لگتا ہے۔ معیشت مزید بحران کی طرف گئی تو کوئی بیل آؤٹ پیکج بھی نہیں دے گا۔ امن، استحکام، پالیسوں کے تسلسل اور اصلاحات پر کاربند رہنے سے ترقی ہوگی۔ پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی نے مل کر ملک کو تباہ کیا۔ ایک سیاسی جماعت ریاستی اداروں اور فوج کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کررہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کسی کو اختیار نہیں کہ دوسروں کے ایمان کا فیصلہ کرے۔ اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے واقعات سے دنیا بھر میں شرمندگی ہوئی۔ کلمہ گو کے خلاف قتل کا فتویٰ دینے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ مذہب کو سیاست کے لیے استعمال کرکے ہیجان پیدا کیا جارہا ہے۔ ریاست میں سزا اور جزا کا فیصلہ صرف عدالت کرسکتی ہے۔ جید علما قوم میں انتشار اور نفرت کے بیج بونے والوں سے نجات دلائیں اور علما اور قوم کا فرض ہے کہ مل کر ان آوازوں کو خاموش کرائیں۔

Author

  • WhatsApp Image 2024 04 09 at 7.05.50 AM

    محمّد جنید ` ہم عوام ` کی ٹیم میں اہم کردار کے حامل ہیں. ادارتی و انتظامی امور کو احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں . حال ہی میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے لا گریجویشن کیساتھ ساتھ ایم فل جینڈر سٹڈیز کر چکے. سٹوڈنٹس سیاست میں قائدانہ صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے سیاسی سرگرمیوں میں بھی فعال ہیں جس بنا پر سٹوڈنٹس اور عوام الناس سے براہ راست روابط میں رہتے ہیں . جس کے تجربات و مشاہدات نے لکھنے کے رجحان کو بڑھوتری دی . عید کے موقع پر ان کی تحریر بطور قارئین کے لیے پیش ہے ۔

    View all posts