وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے اور سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو بغیر مطالبے کے ریلیف دیا ہے، جس پر حکومت نظرثانی اپیل دائر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کرنا ہمارا حق ہے اور جن خواتین کی حق تلفی ہوئی ہے، وہ بھی نظرثانی اپیل دائر کرنے کے حق میں ہیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی، اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا۔