بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کر دی
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری کے پیش نظر اس کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کر دیا ہے۔فچ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ریٹنگ کو ٹرپل سی (CCC) سے بڑھا کر ٹرپل سی پلس (CCC+) کر دیا گیا ہے۔ یہ بہتری ملک کی معاشی استحکام کی نشانی ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے وسط میں فچ نے پاکستانی معیشت اور سیاسی استحکام سے متعلق بھی ایک رپورٹ جاری کی تھی۔ اس رپورٹ میں فچ نے پیش گوئی کی تھی کہ موجودہ حکومت 18 ماہ تک برقرار رہ سکتی ہے اور اس کے بعد تکنوکریٹس کی حکومت بن سکتی ہے جبکہ عمران خان مستقبل قریب میں جیل میں رہ سکتے ہیں۔
فچ کی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024 میں سٹیٹ بینک آف پاکستان شرح سود 20.5 فیصد سے کم کر کے 14 فیصد تک کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مہنگائی کی شرح میں بھی کمی آ سکتی ہے اور روپے کی قدر میں نسبتاً استحکام رہنے کے زیادہ امکانات ہیں۔