اسلام آباد – ایک نجی ٹی وی شو میں ساحل عدیم اور خلیل الرحمان کی خاتون سے بدتمیزی کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ ویڈیو میں ایک لڑکی نے ساحل عدیم سے خواتین کو جاہل کہنے پر معافی کا مطالبہ کیا، جس پر خلیل الرحمان بھی مشتعل ہو گئے اور میزبان سے لڑکی کا مائیک چھیننے کو کہا۔
شو میں ساحل عدیم نے 95 فیصد خواتین کو جاہل کہا، جس پر لڑکی نے اعتراض کیا اور معافی کا مطالبہ کیا۔ ساحل عدیم نے لڑکی سے سوال کیا کہ کیا اس نے طاغوت کا لفظ پہلے سنا تھا؟ جس پر لڑکی نے کہا کہ یہاں خواتین کے حقوق کی بات ہورہی ہے، اسلام میں گناہوں کی نہیں۔ ساحل عدیم نے اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ جس کو کسی چیز کا علم نہ ہو، اسے جاہل کہتے ہیں اور جاہل کو جاہل کہنا اسلام میں پہلا فرض ہے۔
جب لڑکی نے اس بات کا ریفرنس دینے کا کہا تو ساحل عدیم نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے جواب دیا کہ اسلام میں جاننے والا اور نہ جاننے والا برابر نہیں۔ تاہم، لڑکی نے معافی کا مطالبہ جاری رکھا اور کہا کہ بات کا رخ نہ موڑیں۔ اس پر ساحل عدیم نے کہا کہ ” میری بچی آپ جاہل ہیں۔” لڑکی نےپھر سےاعتراض کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری بات کا جواب نہیں دے رہے اور اس کے بدلے آپ مجھے عربی میں آیات سنا رہے ہیں۔
اس بات پر خلیل الرحمان آپے سے باہر ہو گئے اور نہایت بدتمیزی سے مشتعل ہوئے اور بولے کہ قرآن کی آیات تمہیں تکلیف پہنچا رہی ہیں، یہ کیسا طریقہ ہے گفتگو کا؟” جب لڑکی نے جواب دیا تو خلیل الرحمان نےغصے سے کہا کہ “آپ بدتمیزی مت کریں” اور میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے اس لڑکی سے مائک چھیننے کا کہا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے خواتین سے متعلق بات کرنے پر لڑکی کو سراہا اور ساحل عدیم اور خلیل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ پاکستانی اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی ازبحہ کو ان کی ہمت پر سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان میں یہ کہنے کے لئے جس ہمت کی ضرورت ہے، اس پر ازبحہ کو سلام۔