خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی ملزمہ آمنہ عروج کا بیان ریکارڈ
پولیس نے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے کے مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کا بیان ریکارڈ کر لیا ہے۔ملزمہ آمنہ عروج نے اپنے بیان میں کہا کہ خلیل الرحمان قمر سے 10 سے 15 دن تک بات چیت ہوئی، تصاویر کا تبادلہ ہوا، اور انہوں نے ملنے کی درخواست کی، جس پر میں نے انہیں اپنے گھر بلا لیا۔
پولیس حکام کے مطابق، آمنہ عروج گوجرانوالہ کی رہائشی ہے اور ہائی پروفائل افراد کو جھانسہ دے کر بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار اور شاعر خلیل الرحمان قمر کے ساتھ 15 جولائی کو ڈکیتی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق، آمنہ عروج نامی خاتون نے خلیل الرحمان قمر کو فون کر کے گھر بلایا کہ وہ ان کے ساتھ ڈرامہ بنانا چاہتی ہے۔ جب خلیل الرحمان قمر خاتون کے گھر پہنچے تو وہاں مسلح افراد نے انہیں اغوا کر لیا۔
اغوا کے بعد ملزمان نے خلیل الرحمان قمر کو تشدد کا نشانہ بنایا، ان کا موبائل فون، گھڑی اور نقدی چھین لی۔ ملزمان نے ان سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ڈھائی لاکھ روپے بھی ٹرانسفر کروائے اور پھر ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران علاقے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔