وہاب ریاض نے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد خاموشی توڑ دی
بیان جاری
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی کے ممبران وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ تاہم، اب وہاب ریاض نے اس معاملے پر خاموشی توڑتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وہاب ریاض نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ ’’ٹیم کی سلیکشن میں من مانی کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ ٹیم کی سلیکشن میں کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا، چھ افراد پر ایک فرد کے ووٹ کا غلبہ کیسے ہوسکتا ہے؟ ہر چیز اور میٹنگز کے منٹس ریکارڈ پر موجود ہیں۔ اس حوالے سے اپنا مکمل ردعمل آج شام میں دوں گا۔‘‘
یاد رہے کہ وائٹ بال کرکٹ کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اظہر محمود نے اپنی رپورٹ میں چند کھلاڑیوں کو غیرسنجیدہ قرار دیا تھا۔ رپورٹ میں شاہین آفریدی کے خراب رویے کی بھی شکایت کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق، رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہین آفریدی بدتمیزی کرتے ہیں اور کسی کی بات نہیں سنتے۔ کھلاڑیوں کی لابنگ کا بھی تذکرہ کیا گیا۔کوچز کی رپورٹ کے مطابق، شاہین آفریدی کوچز اور مینجمنٹ کی بات نہیں سنتے تھے اور بدتمیزی کرتے رہے۔ نہ سینئر منیجر وہاب ریاض نے انہیں روکا اور نہ منصور رانا نے سمجھایا، جس وجہ سے دونوں کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
گیری کرسٹن اور اظہر محمود کی رپورٹ میں گروپنگ کا بھی ذکر کیا گیا، جس میں لکھا کہ کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف لابنگ کرتے رہے اور اس سے پاکستان ٹیم کی بدنامی ہوتی رہی۔ اظہر محمود نے دورہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ میں کارکردگی پر رپورٹ جمع کرائی۔