ہم ہمیشہ چین میں کھائے جانے والے عجیب و غریب کھانوں کے بارے میں سنتے آئے ہیں لیکن میکسیکو کے ایک شہر میں بھی ایسی ہی ایک چیز کھائی جاتی ہے جسے ہم میں سے کوئی بھی کھانے کا سوچ تک نہیں سکتا۔

تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے شہر سان لوئیس پوٹوسی (San Luis Potosí) میں ایک بازار واقع ہے جہاں کھانے کے ایک پرانے اسٹال پر چوہے کا گوشت اور سوپ فروخت کیا جاتا ہے۔

ہمارے لیے چوہے کا گوشت ایک انتہائی ناگوار چیز ہوسکتی ہے لیکن سان لوئس پوٹوسی میں رہنے والوں کیلئے یہ اپنے ذائقے کیلئے پسند کی جاتی رہی ہے۔
حالیہ برسوں میں میکسیکو میں چوہوں کے گوشت اور اس پر مشتمل پکوان بیچنے والی تمام دکانیں مقامی بازاروں سے ختم ہوگئی ہیں سوائے سان لوئس پوٹوسی کے بازار کے جو اب بھی چوہے کا کچا گوشت اور چوہے پر مشتمل سبزیوں اور مصالحوں کے ساتھ سوپ، دونوں فروخت کرتا ہے۔ سوپ کے ہر پیالے میں ایک مکمل چوہا ہوتا ہے اور یہ 100 پیسو ($5.80) میں فروخت ہوتا ہے۔

دکاندار جن کا نام José Remedios ہے، انہوں نے بتایا کہ یہ کاروبار انہیں اپنی والدہ سے وراثت میں ملا ہے جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کبھی اس بازار میں چوہے کا گوشت بیچنے والے متعدد افراد ہوا کرتے تھے لیکن وہ سب ریٹائر ہو گئے یا مر گئے اور اب وہ صرف ایک ہی رہ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ابھی تو دور دور تک اس خاندانی کاروبار کو ترک کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ آخر کار یہ اسٹال 52 سال سے چالو ہے اور وہ اسے زیادہ سے زیادہ عرصے تک چلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔