کراچی :  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں نوروز منانے والے تمام افراد و برادریوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوروز تجدید، امید اور اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پرمسرت دن پر میں پارسی برادری سمیت ان تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جو نوروز جوش و خروش کے ساتھ مناتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے متنوع ثقافتی منظرنامے میں پارسی برادری کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کی سماجی، معاشی اور ثقافتی میدان میں خدمات کو سراہا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیے ہم نوروز کے جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے امن، اتحاد اور تعاون کو فروغ دیں، سرحدوں کو پار کریں اور تقسیم کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پاری کی جانب سے میں سب کو نوروز کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ واضح رہے کہ نوروز فارسی کیلنڈر کا پہلا دن ہے، جس دنیا بھر میں مختلف ممالک اور برادریوں کی جانب سے منایا جاتا، جن میں پاکستان کی ایک بڑی آبادی بھی شامل ہے۔