افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بلائیں گے، ان سب کا ضرور احتساب کیا جائے گا، پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور قومی اسمبلی میں نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑدھکڑ پر خبردار کیا ہے اور کہا ہے  کہ پارلیمانی کمیٹیز میں پنجاب اور اسلام آباد کے آئی جیز سمیت کئی افسران کے اکاؤنٹس چیک کروائے جائیں گے۔ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ہم جدوجہد کر رہے ہیں،  پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، ہم سپریم کورٹ سے اس کا نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو پنجاب سمیت ملک بھر میں ہمارے پرامن احتجاجی مظاہرے ہوئے، مظاہرین پر دہشت گردی کے پرچے درج کئے گئے اور 100 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا، ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، مریم نواز کے کہنے پر آئی جی اس میں سہولت کار ہے، آئی جی اب ن لیگ کا گھریلو ملازم بن کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیز میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ذریعے ہم ان کے اکاؤنٹس چیک کروائیں گے، کوئی بھی کمیٹی ہو ہم ان افسران کو بلائیں گے اور پوچھ گچھ کریں گے، ان سب کا ضرور احتساب کیا جائے گا، نگران حکومت کا بھی ہم آڈٹ چیک کریں گے، ہم ہر سرکاری ادارے کے اکاؤنٹس چیک کریں گے ، جس کا مقصد دیکھنا ہو گا اخراجات کہاں کہاں کیے جا رہے ہیں۔