ایرانی صدر کی لاہورآمد،وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزراء نےاستقبال کیا

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اس کے علاوہ صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمان، بلال یٰسین، خواجہ سلمان رفیق، چودھری شافع حسین، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔
ایران کےصدرابراہیم رئیسی نے علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دی جہاں انہوں ن پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام ہوگا۔

ایران کے صدر آج لاہور میں آدھا دن گزاریں گے جہاں ان کی وزیراعلیٰ پنجاب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے، شہر قائد میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ایرانی صدر کا استقبال کریں گے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں گی، سرکاری اور نجی دفاتر بھی نہیں کھلیں گے۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان آئے ہیں جہاں کل اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد ایرانی صدر وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جب کہ ان کی صدر آصف زرداری سے بھی ملاقات ہوئی۔