لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کرلیا۔

اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور میں ایف آئی اے منی لانڈرنگ مقدمے کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے پرویزالہی کو پیش کیا۔

وکیل نے جج سے کہا کہ پرویز الہی سے کاغذات پر دستخط کروانے ہیں آپ اجازت دیں، جیل میں ہر طرح کی ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے۔

پپرویزالہی نے کمرہ عدالت میں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلیے کاغذات نامزدگی پر دستخط کردیے۔

وہ گجرات کے صوبائی حلقہ پی پی 32 کی نشست سے الیکشن میں حصہ لیں گے، یہ سیٹ وفاقی وزیر اوورسیز چوہدری سالک حسین کے ایم این اے بننے سے خالی ہوئی ہے۔

چوہدری پرویزالٰہی نے ایف آئی اے عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی غیر آئینی ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کرعوام سے دھوکہ ہوا، انشاء اللہ فارم 45 ہی ان جعلی حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنیں گے۔