پی آئی اے کی نجکاری، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے توثیق کردی
 وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری چند روز قبل دی تھی

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے اہم قانونی ضرورت پوری کردی گئی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے غیرمعمولی اجلاس میں پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی توثیق کردی۔

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نجکاری کے معاملے پر پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکا غیرمعمولی اجلاس ہواجو یہاں 4 گھنٹے تک جاری رہا، نجکاری کیلیے مالیاتی مشیر ارنسٹ ینگ کمپنی کی تیارکردہ رپورٹ پربریفنگ دی گئی۔

ذرائع نے بتایاکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی منصوبے کی توثیق کردی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی آئی اے ملازمین کے مستقبل سے متعلق بھی تجاویزپرغور کیا گیا اور جن ملازمین کی سروس 4 سال رہ گئی انہیں ریٹائر کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئی، نجکاری سے قبل رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کی تجویزپر بھی غورکیاگیا۔

پی آئی اے بورڈ اکتوبر 2023 سے غیرفعال تھا۔ وفاقی کابینہ نے پی آئی اے کے نئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری چند روز قبل دی تھی۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے قوانین کے تحت پی آئی اے کے اہم فیصلوں سے متعلق بورڈ سے منظوری لازمی ہے۔