لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاہے کہ خواتین معاشرے کا اہم رکن ہیں کوئی بھی معاشرہ مرداورعورت کے وجود سے قائم ہوتاہے ، عورت ماں ، بہن ، بیوی، بیٹی اوردیگر مقدس رشتوں کے ساتھ ایک اہم مقام رکھتی ہیں جس سے کوئی بھی باشعورانسان انکارنہیں کرسکتااور اگرہم معاشرے میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں تو ہمیں خواتین کو ان کا اصل مقام اور عزت و احترام دیناہوگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، نائب صدر امجد عثمانی ،سیکرٹری زاہد عابد، ممبرگورننگ باڈی راناشہزاد ، عالیہ خان اور فاطمہ مختاربھٹی نے تقریب میں شرکت کرنے والی خواتین کو خوش آمدیدکہا۔ تقریب میں خواتین صحافیوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے صدر زاہد رفیق بھٹی،پی ایف یوجے کے سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان اورالخدمت فاو ¿نڈیشن ویمن ونگ کی جنرل سیکریٹری سمیعہ سلمان نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔پریس کلب کے سیکرٹری زاہد عابد نے کہاکہ آج کی تقریب خواتین صحافیوں کی خدمات کے اعتراف میں منعقد کی گئی ہے, معاشرے کی ترقی اور بہتری کیلئے خواتین صحافیوں کا اہم کردار رہا ہے۔ الخدمت فاو ¿نڈیشن ویمن ونگ کی جنرل سیکریٹری سمیعہ سلمان نے استقبال رمضان کے حوالے سے خصوصی لیکچر بھی دیا ۔ تقریب کے اختتام پر صدر پریس کلب ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے پریس کلب کی خواتین ممبران کی صحافتی خدمات کو سراہتے ہو ئے انہیں تعریفی اسناد پیش کیں۔ا نہوں نے خواتین کے عالمی دن کے پروگرام کے شاندار انعقاد پر ممبر گورننگ باڈی فاطمہ مختاربھٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔