لاہور(انٹرنیشنل ڈیسک ) سعودی عرب کے حکام نے رمضان المبارک کے دوران ملک  بھر کی مساجد میں افطار کی ضیافتوں پر پابندی عائد کر دی ہے ۔گلف نیوز کے مطابق مساجد کے اماموں کو آنے والے مقدس مہینے کے دوران نمازیوں کو افطار کرنے کے لیے چندہ جمع کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔یہ اقدام اسلامی امور اور دعوت کی وزارت کے رمضان سے وابستہ اقدامات کا حصہ ہیں۔وزارت نے مساجد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے ان کے اندر افطار دینے پر پابندی عائد کردی اور ہدایت کی کہ ضیافتیں صحنوں میں مخصوص جگہ پر منعقد کی جائیں۔مزید برآں، نماز کے دوران امام یا نمازیوں کی فلم بندی کے لیے مساجد کے اندر کیمروں کے استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ مختلف میڈیا کے ذریعے نماز کی نشریات پر بھی پابندی ہوگی۔

دریں اثناء، ائمہ کرام پر زور دیا گیا کہ وہ نماز تراویح کو طول دینے سے گریز کریں اور نمازیوں کے لیے فائدہ مند خطبہ دیں، خاص طور پر رمضان کے مقدس مہینے کے روزے کے احکام اور فضیلت پر روشنی ڈالیں۔