نوازالدین صدیقی اور اہلیہ عالیہ صدیقی نے اپنے بچوں کی خاطر ایک بار پھر صلح کرتے ہوئے ایک دوسرے کے درمیان غلط فہمی بھلا کر زندگی میں آگے بڑھنے پر اتفاق کرلیا۔ تین روز قبل عالیہ صدیقی نے شادی کی 14 ویں سالگرہ پر انسٹاگرام پر اپنے شوہر نوازالدین صدیقی اور بچوں کے ہمراہ تصویر شئیر کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا جس کے بعد قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ دونوں کے درمیان صلح ہوگئی ہے۔ تاہم اب بھارت میڈیا انڈیا ٹوڈے اور ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عالیہ صدیقی نے مقامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے اور نوازالدین صدیقی نے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے۔عالیہ صدیقی نے کہا کہ ’حالیہ دنوں میں میری زندگی میں کچھ چیزیں بدلی ہیں، میں نے محسوس کیا کہ جب ہم دنیا کے ساتھ بری چیزیں شیئر کرتے ہیں تو ہمیں اچھی چیزوں کو بھی شیئر کرنا چاہیے، نواز بھی یہاں موجود تھے، لہذا ہم نے بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی۔‘انٹرویو کے دوران عالیہ نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اپنے رشتے میں جو مسئلہ درپیش تھا وہ ہمیشہ کسی تیسرے شخص کی وجہ سے تھا لیکن اب یہ غلط فہمی ہماری زندگی سے ختم ہوگئی ہے، ہم نے اپنے بچوں کی خاطر صلح کرلی ہے۔‘