لاہور (شوبز نیوز} بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی فلمیں نہیں دیکھیں، البتہ انہیں معلوم ہے کہ پاکستانی ڈرامے اور وہاں کا اسکرپٹ اچھا ہوتا ہے۔ ایک غیر ملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران پاکستانی فلمیں اور پاکستانی اداکاروں کا کام دیکھنے کے سوال پر نواز الدین صدیقی نے اعتراف کیا کہ انہوں نے پاکستانی فلمیں نہیں دیکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سعادت حسن منٹو پر بنائی گئی سرمد کھوسٹ کی فلم بھی نہیں دیکھی، جس پر انہیں افسوس ہے اور مذکورہ فلم انہوں نے دیکھنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے بھارت میں بہت مشہور ہیں، انہیں دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے جب کہ پاکستانی لکھاری اچھی کہانیاں لکھتے ہیں اور وہاں کے اداکار بھی شاندار ہیں۔