لاہور ( شوبز ڈیسک ) سال 2013ء میں پنجابی فلم ’بیسٹ آف لک‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی معروف پنجابی اداکارہ سونم باجوہ سے متعلق بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکارہ نے سال 2020 میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں دہلی کے ایک پائلٹ   سے شادی کرلی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سونم باجوہ نے رکشیت اگنی ہوتری نامی پائلٹ سے شادی کی اور اُنہوں نے اپنی شادی کو گزشتہ تین سالوں سے خفیہ رکھا ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا نے ریڈ اِٹ کی پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سونم باجوہ نے سال 2020 میں 23 ستمبر کو پائلٹ رکشیت اگنی ہوتری سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی ایک کمپنی بھی ہیں جس میں یہ دونوں پارٹنرز ہیں۔

سونم باجوہ کی خفیہ شادی کی خبر نے اُن کے مداحوں کو حیران و پریشان کردیا ہے، سونم کی خفیہ شادی سے متعلق ریڈ اِٹ  کی پوسٹ سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر بھی وائرل ہورہی ہے۔

دوسری جانب سونم باجوہ اور اُن کی ٹیم کی جانب سے ابھی تک خفیہ شادی کی خبر پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ سونم باجوہ کا شمار بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ ناصرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں۔

سونم باجوہ نے پنجابی فلم انڈسٹری کے علاوہ ہندی، تیلگو اور تامل انڈسٹریز میں بھی کام کیا ہے۔