لاہور پریس کلب کے زیراہتمام بین الاقومی شہرت کے حامل انٹرنیشنل امیج اینڈ وارڈروب کنسلٹنٹ حامد سعیدکے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ معزز مہمان کو کلب آمد پر نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد، ممبران گورننگ باڈی راناشہزاد ، محسن بلال اور عابد حسین نے خوش آمدید کہا۔ امجدعثمانی نے تقریب کے دوران سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بڑے اعزازکی بات ہے کہ بین الاقوامی شہرت کی حامل شخصیت کلب تشریف لائے ہیں ۔ حامد سعید نے صحافیوں کے لئے پیشہ وارانہ فرائض کے دوران لباس کی اہمیت پرلیکچر دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں لباس کے آداب کا خصوصی خیال رکھنا چاہیے۔ یہ اسلامی ہی نہیں عالمی سطح پر بھی ایک قرینہ ہے جو شخصیت کو نکھارتاہے کیونکہ لباس کا گیٹ اپ ہی آپ کا پہلا اور آخری امپریشن ٹھہرتاہے ۔ انھوں نے لباس کے حوالے سے 5-P’s کو اہم قراردیتے ہوئے کہاکہ خدوخال کے مطابق لباس کا رنگ ، جسمانی تناسب کے مطابق لباس ، شخصیت کے مطابق لباس،پیشے کے مطابق لباس اور منصب کے مطابق لباس کا انتخاب انتہائی ضروری ہے، اس سے جہاں شخصیت ابھرتی ہے وہاں انسان کے عزت وو قارمیں بھی اضافہ ہوتاہے۔خصوصی لیکچرمیں ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسے شاندارایونٹ قراردیا۔ دوران لیکچر حامد سعید نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے۔ تقریب کے اختتام پرنائب صدر امجد عثمانی اورسابق سیکرٹری لاہورپریس کلب ذوالفقار علی مہتو نے معززمہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی ۔