اسلام آباد نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما  اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی  سے متعلق بڑا دعویٰ کر دیا ۔  انہوں نے کہا ہے کہ ہم پرامید ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوجائے گی ، کیسوں کی کمزور نوعیت دیکھتے ہوئے عمران خان کی رہائی کی قوی امید ہے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار نجی ٹی وی کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شیر افضل مروت  کا مزید کہنا تھا  کہ ہم پرامید ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوجائے گی ،جج صاحبان نے عمران خان کو سزا سنانے کی جلدی میں ٹرائل کا کباڑا کردیا، نہ ہمیں جرح کا حق دیا نہ دفاع کا حق دیا گیا، کیسوں کی کمزور نوعیت دیکھتے ہوئے عمران خان کی رہائی کی قوی امید ہے،ہم آج بھی وہیں کھڑے ہیں جہاں9 مئی کی رات کو کھڑے تھے، عمران خان  احتجاج کے ذریعے پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کوئی ڈیل نہیں کریں گے، اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کر کے اپنے لیے راستہ نکالنے کا خاتمہ ضروری ہے، اب اگر ہماری کوئی ڈیل ہوسکتی ہے تو وہ سیاسی قوتوں سے ہوسکتی ہے،( ن) لیگ ادراک کرلے کہ قربتیں صرف سیاسی قوتوں کے درمیان ہونی چاہئیں۔