چٹ پٹے کھانوں میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری
ناقص انتظامات پر4 پوائنٹس بند، 13 کو 3لاکھ80ہزارجرمانے
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی کریم بلاک اور شالیمار ٹاؤن میں 22فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ
1516لٹرغیر معیاری آئل، 700کلو ناقص بدبودار پکوڑیاں، ایک من ایکسپائر گوشت اور ممنوعہ اجزاء تلف۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی
خوراک سے وابستہ کاروبار میں غفلت کرنے والوں کیخلاف تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ محمد عاصم جاوید
لاہور 16فروری:پنجاب فوڈ اتھارٹی کاچٹ پٹے کھانوں میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کریم بلاک اور شالیمار ٹاؤن میں 22فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی جس میں 4کو ناقص انتظامات پرفی الفور بند کردیا جبکہ13پوائنٹس کو3لاکھ80ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور 5کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹسسز جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق دوران چیکنگ 1516 لٹرغیر معیاری آئل، 700کلو ناقص بدبودار پکوڑیاں، ایک من ایکسپائر گوشت اور دیگرممنوعہ اجزاء تلف کردیے،کھلے غیر معیاری آئل، ایکسپائر بدبودار پکوڑیاں اور گوشت برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ایکسپائر گوشت اور ناقص آئل سے فاسٹ فوڈ تیار کیا جا رہا تھا۔ گندے فنگس زدہ فریزر میں اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔ زائدالمیعاد پکوڑیاں گندے زنگ آلود برتنوں میں بغیر ڈھانپے رکھی پائی گئیں۔ عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ مضر صحت آئل سے تیار کی گئی اشیاء خورونوش دل اور جگر کے مختلف امراض کا سبب بن سکتی ہیں،خوراک کا کاروبار کرنے والے افراد مقرر کردہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں، خوراک کی تیاری میں ملاوٹ کرنے والوں کا کاروبار بند کر دیا جائے گا علاوہ ازیں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا خوراک سے وابستہ کاروبار میں غفلت کرنے والوں کیخلاف تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔