نمائش سے جاپانی قوم کے علم و فکر اور تہذیب و تمدن کو سمجھنے میں مدد ملے گی: شمع اسحاق

لاہور(ہم عوام) پاک جاپان فرینڈ شپ سوسائٹی کوئٹہ بلوچستان اور جاپانی قونصلیٹ کراچی کے خصوصی تعاون سے جاپان قونصلیٹ کوئٹہ بلوچستان کے زیر اہتمام جاپانی کیلنڈروں اورجاپانی ڈول کی نمائش منعقد کی گئی ۔تین روزہ نمائش کا افتتاح مہمان خصوصی سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے راحیلہ حمید درانی اورنیشنل پارٹی کی ایم پی اے شمع اسحاق نے کیا۔تقریب میں بورڈ آف انوسٹمنٹ کے مشیر اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے ڈائریکٹر فیروز شاہ ،نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماڈاکٹر اسحاق ،پروفیسر ڈاکٹر مدثر اسرار ، کمال صدیقی اورجاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر حسین چنگیزی سمیت بڑی تعداد میں معزز مہمانوں نے شرکت کی ۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اور ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم نے افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے آنے والے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا ۔پاک جاپان کلچر سینٹر جناح ٹاﺅن میں جاری نمائش میں جاپان کے مختلف موضوعات پر مبنی جاپانی کیلنڈر زرکھے گئے جن میں جاپانی کلچر ، جاپانی فوڈ، جاپانی خواتین ، سپورٹس ، صنعت ، تفریحی و تاریخی مقامات، ماحولیات، فائن آرٹ، جاپانی پھولوں ،ایکے بانا، آرٹ فوٹو گرافی ، آٹو موبائل، جنگلی حیات، آرائش گل، قدرتی نظاروں،زراعت ،روایتی آرٹ،کیمونو، سرکاری و نیم سرکاری اداروں سمیت جاپان کے ہر شعبہ زندگی سے وابستہ کیلنڈرنمائش میں رکھے گئے۔مہمان خصوصی سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے راحیلہ حمید درانی نے نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈسپلے پر کیلنڈرز جاپانی آرٹ، ثقافت، ورثے اور طرز زندگی کے مختلف موضوعات کو پیش کرتے ہیں اس طرح کی تقریبات سے دونوں ممالک کی عوام کے درمیان رابطے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔نیشنل پارٹی کی ممبر صوبائی اسمبلی شمع اسحاق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کیلنڈرزاور جاپانی ڈول کی نمائش سے جاپانی قوم کے علم و فکر اور تہذیب و تمدن کو سمجھنے میں مدد ملے گی، پاکستان اور جاپان ثقافت کے شعبہ میں مستحکم تعلقات کے خواہاں ہیں۔ جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ کا کہنا تھا کہ جاپانی کیلنڈراور ڈول کی نمائش ایک سالانہ ثقافتی تقریب ہے،جاپان اور پاکستان دونوں کا ثقافتی ورثہ ،متنوع ثقافتی ورثہ ہے ، دونوں دوست ممالک کے درمیان ثقافتی روابط ہیں اور اس کا پتہ گندھارا تہذیب جیسی تاریخ میں ملتا ہے۔ بورڈ آف انوسٹمنٹ کے مشیر اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے ڈائریکٹر فیروز شاہ کا کہنا تھا کہ ہر ملک کی ایک اپنی ثقافت ہوتی ہے جو اس کی پہچان کا سبب ہوتی ہے ،ثقافتی ویلیوزکا تبادلہ دو قوموں کو قریب لاتا ہے، پاکستان جاپان دوستی ثقافتی بھی ہے اورتجارتی بھی ہے، پاکستان جاپان دوستی ثقافتی طور پربھی مضبوط ہے،جاپانی کیلنڈ رز اور ڈول کی نمائش سے چاپان کی ثقافت کے بارے میں آگاہی اور جاننے میں مدد ملے گی۔