صوبہ پنجاب کے 30 تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور طالب علموں کو خاندانی منصوبہ بند ی،تولیدی صحت سے متعلق تربیت کی فراہمی
پی پی آئی ایف، ڈیلیوری سسٹم اور لوگوں میں شعور و آگاہی اور بہتر صحت کی سہولیات کی فراہمی کو فوکس کر رہا ہے

لاہور 14فروری۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی پی آئی ایف و ڈائریکٹر جنرل پا پولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو چھوٹے خاندان کی اہمیت و افادیت کا جدید کمیونیکیشن کے ذریعے معیاری معلومات کی فراہمی وقت کا اہم تقاضا ہے۔ صوبہ پنجاب میں پی پی آئی ایف خاندانی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے ذرائع اور اس کے استعمال سے آبادی میں اضافے کو کم کرنے پر مبنی ہے۔پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کی جانب سے یو این ایف پی اے کے مالی اشتراک سے 5بالغ اور نوجوان دوست سنٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
اس امر کا اظہار انہوں نے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کے 30 تعلیمی اداروں میں 600اساتذہ اور 10000 سے زائد طالب علموں کو خاندانی منصوبہ بند ی،تولیدی صحت سے متعلق اعلیٰ سطح کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔ صوبہ کے تین اضلاع اٹک، خوشاب اور لودھراں میں خاندانی منصوبہ بندی،صنفی مساوات سے متعلق معلومات اور خدمات کی فراہمی سے متعلق 55000نوجوان اور شادی شدہ جوڑوں کو آگاہی پہنچانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے صوبہ کے لوگوں کو خاندانی منصوبہ بندی کی معیاری خدمات تک مفت رسائی کی فراہمی اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات میں نگہداشت کے معیار کو ادارہ جاتی شکل دی جارہی ہے۔پی پی آئی ایف ڈیلیوری سسٹم اور لوگوں میں شعور و آگاہی اور بہتر صحت سے وابستہ سہولیات کی فراہمی کو فوکس کررہا ہے۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی پی آئی ایف نے کہا کہ ورلڈ بینک کا یہ پروگرام کلینکل فرنچائزنگ، واؤچر سکیموں، اور کمیونٹی لیڈرز کے ذریعے فیملی پلاننگ کونسلنگ جیسی اختراعات کو بڑھا نے میں مدد گار ثابت ہورہا ہے۔ اس پروگرام کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں پائلٹ کیا گیا ہے۔جس سے خاندانی منصوبہ بندی کے نتائج میں بہتری آ رہی ہے۔ پروگرام کو ان دور دراز علاقوں اور کمیونٹیز تک پہنچایا جارہا ہے جہاں خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات محدود یا کوئی رسائی حاصل نہیں ہے۔اس کی خدمات لیڈی ہیلتھ ورکرز، فیملی ویلفیئر ورکرز اور کمیونٹی ہیلتھ ورکرز ایک وسیع نیٹ ورک کے ذریعے صحت کی سہولیات، فیملی ہیلتھ کلینک اور فیملی ویلفیئر سے منسلک ہیں۔ یہ پروگرام واؤچر ترغیبی اسکیم، سماجی مارکیٹنگ، مرد اور کمیونٹی رہنماؤں کی مصروفیت، اور خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کے استعمال میں اضافے کے لیے نوجوانوں کے پلیٹ فارمز کو بڑھا نے میں مدد گار ثابت ہورہا ہے، ورلڈ بنک پروگرام کے ذریعے خاندانی منصوبہ بندی سے وابستہ خدمات فراہم کرنے والوں کے باہمی رابطے کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی پنجاب اس وقت متعدد اقدامات عمل میں لائے ہوئے ہے جو مجموعی طور پر اس کی صلاحیت کو تقویت بخشیں گے ا ور حکمت عملی کے متوقع نتائج صوبے میں خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ کے لیے صحت مند اور پیداواری ماحول کی تشکیل میں معاون ثابت ہوں گے۔ ڈائریکٹر جنرل پا پولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ ثمن رائے نے کہا کہ پنجاب پاپولیشن ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کو جدید کمیونیکیشن ذرائع کی بدولت معیاری معلومات تک رسائی، تعلیمی پروگراموں کی مدد سے نوجوانوں کی بدلتی ضروریات کے بارے فوری آگاہی کی فراہم کی جا رہی ہے۔