عید الفطر آمد ‘ پردیسیوں نے سفر کی تیاریاں شروع کردیں

ہر سال کئی گنا زیادہ  کرایہ وصول کیا جاتا ہے مگر سرکاری ادارے تماشائی کا کردار ادا کرتے رہتے ہیں  

لاہور ( ناصر مہدی سے ) عید اپنے آبائی علاقوں میں منانے کیلئے پردیسیوں نے سفر کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ ٹرانسپورٹروں نے کرائے بڑھا دیئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق عید قریب آتے ہی ملازمت پیشہ اور مختلف کاروبار کرنے والے افراد نے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے اور عید اپنے گھر والوں کے ساتھ منانے کیلئے آبائی علاقوں کو جارہے ہیں ۔واپس جانے والوں نے خریداری کرلی ہے تاہم ٹرانسپورٹروں نے بڑھتے ہوئے رش کو دیکھتے ہوئے کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا ہے جس پر آبائی علاقوں کو جانے والے افراد میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ان افراد کا کہنا ہے کہ ہر سال عید پر گھر وں کو جاتے وقت ٹرانسپورٹر کرائے بڑھا دیتے ہیں تاہم حکومت اور انتظامیہ اس کا نوٹس نہیں لیتی ۔اس سال بھی کرائے بڑھائے گئے ہیں۔  امسال بھی ٹرانسپورٹروں نے مال کمانے کی تیاریاں پورے زور و شور سے کر لی ہیں مگر حسب روایت اس ضمن میں سرکاری اداروں کی طرف سے کاروائی صرف پریس ریلیز تک محدود رہے گی . ٹرانسپورٹروں کے مطابق عید پر کرایوں میں اضافہ ہماری مجبوری ہوتی ہے کیونکہ لاہور واپسی پر چھوٹے شہروں سے ہماری بسیں خالی آتی ہیں جس سے ہماری کاروباری سرگرمیاں خسارے میں چلی جاتی ہیں جس بنا پر لاہور سے روانگی کے کرایوں میں معمولی اضافہ کرنا پڑتا ہے دوسری طرف لاہور سے ایک معروف غیر ملکی ٹرنسپورٹ کمپنی اپنے پسنجرز سے معمول کے مطابق کرایہ وصول کرتی ہیں جو نجی مقامی ٹرنسپورٹ کمپنیوں کے خسارہ کے دعوی کو بلا جواز ثابت کرتی ہیں . معمول کی طرح اس عید پر بھی  مسافروں سے کی گئی لوٹ مار کو ٹرنسپورٹ مافیا اور انھیں چیک کرنے والے سرکاری اہل کار باہمی اشتراک سے جاری رکھیں گے ۔