لاہورپریس کلب کے صدر ارشدانصاری،سینئرنائب صدر شیراز حسنات ، نائب صدر امجدعثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفربن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز ، سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری سمیت نومنتخب کابینہ کومبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ منتخب حکومت ملک کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبودکے لئے اپنابھرپور کردار اداکرے گی ، عوام کو منتخب حکومت سے بے پناہ توقعات ہیں اور ہم دعاگوہیں کہ حکومت توقعات سے بڑھ کر عوام کی خدمت سرانجام دے۔انھوںنے کہاکہ صحافت پر کڑاوقت گزراہے،صحافیوں کو ان کے فرائض منصبی سے روکنے کے لئے ہرطرح کے ہتھکنڈے استعمال کئے گئے اور صحافتی اداروں اور صحافیوں کے خلاف جبری اقدامات کئے گئے لیکن ہم امید کرتے ہیں کہ نئی حکومت دیگر شعبوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ شعبہ صحافت اور صحافیوں کی ترقی ، فلاح و بہبود اور آزادی صحافت میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انھوں نے کہاکہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ماضی میں بطور وفاقی وزیر صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ مثبت کرداراداکیا ، جب بھی صحافیوں کو مسائل درپیش ہوئے ہیں انھوںنے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھانہ رکھی ہے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کے انتخاب کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہاکہ ماضی گواہ ہے کہ صحافت پر جب بھی مشکل وقت آیاہے عظمی بخاری صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں، انھوں نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لئے حق کا ساتھ دیاہے اور ہمیں امید ہے کہ وہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بہترین اقدامات بروئے کارلائیں گی۔