لاہور میں خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی کے 28واقعات رپورٹ

لاہور (ہم عوام) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے خواتین پر ہر قسم کے تشدد کے خاتمے کے دعوے کے تین روز بعد ہی شہر لاہور میں خواتین پر تشدد اور جنسی زیادتی کے 28واقعات رپورٹ ہو گئے۔بتایا گیا ہے کہ ان تین روز میں شہر لاہور کے علاقہ ہربنس پورہ،ساندہ، سبزہ زار، گرین ٹاؤن، نواب ٹاؤن، ہنجر وال اور مناواں سمیت دیگر علاقوں میں خواتین پر تشدد کیا گیا اور انہیں جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہربنس پورہ میں جہیز نہ لانے پر سسرالیوں نے گھر کی بہو کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ساندہ کے علاقہ میں کنول نامی خاتون شوہر اور سسر کے تشدد کا نشانہ بنی، اسی طرح ٹاؤن شپ میں شوہر اور سسر نے مل کر بہو کے بال کاٹ ڈالے نواب ٹاؤن میں ایک نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو اسی کے ہی کلاس فیلو نے جنسی تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، اسی طرح ہنجروال اور مناواں میں بھی ایک، ایک خاتون جنسی درندگی کا شکار ہوئی۔