کراچی : کہنہ مشق صحافی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے مرکزی رہنما اور آزادی صحافت کے ہیرو  ناصر زیدی کو “احفاظ الرحمن ایوارڈ برائے جرات اور آزادی اظہار” کے لیے منتخب کیا گیا ہے ایوارڈ کے لیے انتخاب کرنے والی کمیٹی کے اراکین حارث خلیق ،نذیر محمود،سید جعفر احمد اور مہناز رحمان  نے موصوف کو ایوارڈ کے لیے منتخب  کرتے ہوے کہا ہے کہ ناصر زیدی کا شمار ان صحافیوں میں ہوتا ہے جنہیں جنرل ضیاء الحق کے آمرانہ دور میں  کوڑے مارے گئے اور وہ ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے لیے ہونے والی تمام جدوجہد کے ساتھ  ہمیشہ کھڑے رہے۔ پاکستان فیڈرل یونین جرنلسٹس (PFUJ) کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے 70 سال سے زیادہ عمر کے گروپ میں ہونے کے باوجود، انہوں نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لیے نہ صرف سڑکوں پر بلکہ عدالت میں بھی جدوجہد کی۔ یاد رہے“ احفاظ الرحمان ایوارڈ برائے جرات اور آزادی اظہار“جو ممتاز  صحافی، شاعر، ادیب احفاظ الرحمان کے نام سے منسوب کیا گیا ہےجو رحمان فیملی  کی طرف سے پیش کیا جاتا ہے ۔ یہ ایوارڈ  سیاسی اور ثقافتی آزادی، تنوع، اور تخلیقی صلاحیتوں کے لیے وقف ہے اورغیرمعمولی کار ہائے نمایاں انجام دینے والی  شخصیات کو دیا جاتا ہے. ناصر زیدی کو اس سال 20 اپریل کو کراچی آرٹس کونسل میں منعقدہ  ایک تقریب میں ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔